ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : قاتلانہ حملہ کے 5 ملزمین گرفتار ۔ حملہ کا شکار ہوئے شخص پر بھی معاملہ ہوا درج

منگلورو : قاتلانہ حملہ کے 5 ملزمین گرفتار ۔ حملہ کا شکار ہوئے شخص پر بھی معاملہ ہوا درج

Tue, 14 Dec 2021 21:39:01    S.O. News Service

منگلورو،14؍ دسمبر (ایس او نیوز) چار دن قبل ریاض نامی شخص پر جو قاتلانہ حملہ ہوا تھا اس معاملہ کے 5 ملزمین کو پولیس نے گرفتار کر لیا ، جن کی شناخت گنیش (24 سال)، چیتن کمار (21 سال)، کیرتی راج (23سال)، سوویت (20سال) اور پریکشیت (21 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔

پولیس کمشنر ششی کمار نے بتایا کہ "ملزمین حملہ کا شکار بنے ریاض کے واقف کار تھے اور کچھ معاملات پر اس سے قبل ریاض کے ساتھ ان کا جھگڑا ہوا تھا ۔ ریاض پر مختلف پولیس اسٹیشنوں میں عورتوں کو غیراخلاقی کاموں کے لئے اسمگل کرنے کے کیسس پہلے سے درج ہیں۔ دستیاب ثبوتوں کی بنیاد پر ریاض کے خلاف امّورل ٹریفکنگ پریوینشن ایکٹ کے تحت منگلورو ایسٹ پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے ۔"

پولیس کمشنر نے مزید بتایا کہ :" اڈیا پڈاو کا رہنے والا ریاض منڈیا، ہاسن اور دیگر اضلاع سے جسم فروشی کے لئے عورتیں سپلائی کیا کرتا تھا ۔ حملہ کرنے والے ملزمین کا کہنا ہے کہ ریاض دوسرے مذہب کی عورتوں کو اس دھندے میں استعمال کرتا تھا ۔ ہم لوگ پہلے جسم فروشی معاملہ کی گہری تفتیش کریں گے اس کے  بعد ملزم کو گرفتار کریں گے ۔"

یاد رہے کہ 10 دسمبر کی شام کو جب ریاض کار پر سوار ہو کر اپنے گھر کی طرف جارہا تھا تو کچھ لوگوں نے سڑک پر موٹر بائکس کھڑی کرکے اس کا راستہ روکا تھا ۔ پھر کرکٹ کے بلّے اور لوہے کی سلاخوں سے کار کی ہیڈ لائٹ اور بمپر وغیرہ توڑنے کے بعد ریاض کو کار سے باہر گھسیٹ کر بیئر کی بوتلوں اور کرکٹ کے بلّے سے بار بار پیٹا گیا جس کے نتیجے میں اس کے سر اور دائیں آنکھ میں گہری چوٹیں آئیں ۔    

اس ضمن میں ریاض کے چھوٹے  بھائی عبدالرحمٰن نے منگلورو دیہی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ملزمین کو گرفتار کر لیا۔


Share: